چوہدری شجاعت کا ملک کو درپیش معاشی بحران پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ
لاہور میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) کسی کی میراث نہیں، یہی جماعت قائداعظم کی اصلی مسلم لیگ ہے۔ ہم نے قائد اعظم سے تعلق کا حق دیا، ایک مسلم لیگی اور مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا قائداعظم سے قریبی تعلق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف دینے والوں نے ہی ناانصافی کی اور وہی آلہ کار بنے، انتخابات میں پہلے بھی دھاندلی ہوئی اور اب بھی ہوگی۔ دھرنا دینا یا ریلی نکالنا ملک کے ہر شہری کا جمہوری اور بنیادی حق ہے۔
مسلم لیگ(ق)کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک شدید ترین معاشی بحران کا شکار ہے،زرمبادلہ کے ذخائر انتہائی کم سطح پر ہیں، آج مہنگائی کا جن کسی کے قابو میں نہیں آرہا، ہم معاشی طور پر کمزور ہوچکے ہیں، اگر ملک کی تمام سیاسی قیادت دہشت گردی کے خلاف اکٹھی ہوسکتی ہے تو ہمیں معاشی ترقی کےلئے بھی اکٹھا ہونا چاہئے، حکومت فوری طور پر اس مسئلے کے حل کے لئے اے پی سی بلائیں، وہ وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ معاشی ترقی کے لئے اقدامات کریں، ہر گھر میں سبزی اگائی جائے اور حکومت سبزی اگانے والوں کو سہولتیں فراہم کرے۔ انہیں امید ہے کہ عمران خان اور آصف زرداری سمیت ملک کی دیگر سیاسی قیادت بھی ان کی تجویز کی تائید کرے گی۔
No comments:
Post a Comment