شکریہ جناح، ہم شرمندہ ہیں جناح
پاکستان میں 25 دسمبر کا دن
پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے مگر
اس کے علاوہ یہ عیسائیوں کے مذہبی تہوار کرسمس کی وجہ سے بھی اہمیت رکھتا
ہے۔
کرسمس اور عیسائی جب آپ کے ذہن میں آئیں تو پھر
جوزف کالونی اور پشاور کے چرچ میں ہونے والا دھماکہ بھی آپ کے ذہن میں آتا
ہے اور پھر اس کے نتیجے میں شرمندگی، غصہ، خجالت اور شاید دکھ اور تکلیف
جیسے جذبات کا سامنے آنا بہت عام ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر ایسے تمام خیالات کو بہت جلد لوگوں کے سامنے لاتی ہے اور جب ہزاروں افراد ایک ہی موضوع یا ہیش ٹیگ استعمال کر کے اپنا موقف سامنے لاتے ہیں تو ٹرینڈ بنتا ہے۔
پاکستان میں ہزاروں افراد نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے حوالے سے دو مخصوص ہیش ٹیگ استعمال کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
ایک گروہ وہ ہے جو محمد علی جناح کا شکریہ ادا کرنے کی فکر میں ہے کہ انہوں نے پاکستان کے قیام کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جبکہ دوسرا گروہ ان سے شرمندہ ہے۔
یہ فیصلہ کرنا ابھی باقی ہے کہ کیا ان دونوں کے مذکورہ جناح ایک ہی شخصیت ہیں یا دو مختلف جیسا کہ ان ٹرینڈز سے نمایاں ہوتا ہے۔
"شکریہ جناح آپ کی جدوجہد کا اور آپ کی کوششوں سے ہی یہ آزاد اسلامی ریاست بنی"
قاضی نبیل
جبکہ عمر صدیقی شکر گذار ہیں کہ ‘شکریہ جناح کہ آپ نے ہمیں یہ قیمتی خطہ عطا کیا۔‘
پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے ٹویٹ کی کہ ’مجھ سے رفائل ندال نے پوچھا کہ کیا جناح پاکستان کے لیے منڈیلا تھے؟‘
جنید قیصر کی ٹویٹ میں چھپا طنز نظر آیا ’شکریہ جناح ایک کنفیوز پاکستان دینے کا۔‘
اگر شرمندہ ٹویٹس کی فہرست پر نظر ڈالیں تو ان میں بے شمار ایسے ہیں جو بہت ساری وجوہات کی وجہ سے شرمندہ ہیں۔
"مجھ سے رفائل ندال نے پوچھا کہ کیا جناح پاکستان کے لیے منڈیلا تھے؟"
اعصام الحق، ٹینس کے کھلاڑی
ایک بڑی تعداد ایسی تھی جو زیارت ریزیڈنسی کی تباہی کی وجہ سے شرمندگی کا اظہار کر رہی تھی کہ ہم شرمندہ ہیں اسے نہیں بچا سکے جبکہ بعض تو اس کا بدلہ لینے کی بات بھی کر رہے تھے۔
یوسف نذر نے ٹویٹ کی کہ ‘جناح ہم شرمندہ ہیں کہ ہم نے بحیثیت قوم آپ کے اوصاف تو نہیں اپنائے مگر تضادات اپنا لیے۔‘
رابیل طارق نے ٹویٹ کی کہ ’ہم شرمندہ ہیں جناح کیونکہ آپ نے ہمیں ایک آزاد ملک تو دیا مگر ہم میں اتنی قابلیت نہیں کہ اس آزادی کو لے کر آگے چل سکیں۔'
فیضان لاکھانی نے ٹویٹ کی کہ ‘ہم شرمندہ ہیں جناح کہ آپ کی بہن کا ایک آمر نے مذاق اڑایا، آپ کی کتاب سنسر کی گئی، آپ کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا اور آپ کے مزار کی توہین کی جاتی ہے۔‘
"ہم شرمندہ ہیں جناح کیونکہ آپ نے ہمیں ایک آزاد ملک تو دیا مگر ہم میں اتنی قابلیت نہیں کہ اس آزادی کو لے کر آگے چل سکیں"
رابیل طارق
یہ جناح کا پاکستان ہے جو ماریہ پٹیل، عثمان لطیف، جنید قیصر اور بہت سوں کے بقول ان دونوں ٹرینڈز کی طرح کنفیوزڈ ہے کہ آخر وہ جناح سے شرمندہ ہے یا ان کا شکر گزار ہے۔
No comments:
Post a Comment