بلاول بھٹو زرداری اپنے آبائی حلقے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب لڑیں گے
ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز نوڈیرو میں پیپلزپارٹی کے قائدین کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو این اے 204 سے ضمنی الیکشن لڑایا جائے گا۔ پارٹی قیادت کے اس فیصلے کے بعد حلقہ این اے 204 سے کامیاب ہونے والے پیپلزپارٹی کے رہنما ایاز سومرو نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے حوالے کردیا ہے جب کہ استعفیٰ کے بعد ایاز سومرو کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا مشیر برائے قانون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی سے وابستہ ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کا ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق باضابطہ اعلان کل بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی کے موقع پر جلسہ عام کے دوران کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ پارٹی قیادت کی جانب سے یہ فیصلہ پہلے سے ہی کیا جاچکا ہے جس کی تیاریاں بھی شروع کی جاچکی ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 204 تاریخی اہمیت کا حامل ہے، ماضی میں اسی حلقے سے پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کی والدہ بے نظیر بھٹو بھی حصہ لے کر بھاری اکثریت سے کاماب ہوتی رہی ہیں تاہم اب بلاول بھٹو کو بھی اسی حلقے سے الیکشن لڑوانے کی تیاریاں کی جارہی ہے تاکہ انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا جاسکے۔
No comments:
Post a Comment