بھارت لائن آف کنٹرول پرغیر قانونی تعمیرات روکنے پر رضامند
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کے درمیان گزشتہ 5 روز سے جاری اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے خفیہ معلومات کے فوری تبادلے پر اتفاق کیا گیا ہے، منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لئے دونوں ممالک کی سرحدی فورسز مشترکہ پٹرولنگ کریں گی۔ اعلامیے میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی بارڈر کراسنگ کو روکا جائے گا اور غلطی سے سرحد کراس کرنے والوں کے بارے میں دونوں ممالک ایک دوسرے کو فوری طور پر آگاہ کریں گے اور ان کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر غیر قانونی تعمیرات نہیں کرے گا اور اعتماد سازی کے لئے پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کی ملاقات میں ہونے والے میکینزم پر عمل درآمد پر یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ سرحد پر معمولی نوعیت کے تنازعات کو سیکٹر کمانڈر کی سطح پر فوری طور پر فلیگ میٹنگ بلا کر حل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کا اجلاس 14 سال بعد 24 دسمبر کو لاہور میں شروع ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت میجر جنرل عامر ریاض جبکہ بھارتی وفد کی قیادت جنرل ونود بھاٹیا نے کی۔ پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر دیوار کی تعمیر روکے اور لائن آف کنٹرول پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات نہ کیا جائے۔
No comments:
Post a Comment