زرداری کے چکر شروع؟ کل عدالت میں پیشی
پاکستان کے سابق صدر آصف علی
زرداری جمعرات کو اسلام آباد میں احتساب عدالت کے سامنے پیش ہو رہے ہیں
جہاں ان پر وزیراعظم ہاؤس میں پولوگراؤنڈ کی تعمیر کے ریفرنس میں فرد جُرم
عائد کی جائے گی۔
آصف علی زرداری صدارت چھوڑنے کے بعد بدھ کے روز پہلی مرتبہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک گُزشتہ سماعتوں پر احتساب عدالت کو یقین دہانیاں کرواتے رہے ہیں کہ اُن کے موکل عدالت میں پیش ہوں گے۔
اس سے پہلے سابق صدر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے کہا تھا کہ وہ انھیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرے۔
آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کی پیروی کرنے والے وکلا کا کہنا ہے کہ پولو گراؤنڈ میں اُن کے موکل کے خلاف فرد جُرم عائد ہونے کے بعد وہ عدالت میں آصف زرداری کو پیشی سے مستثنٰی قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔
جمعرات کو احتساب عدالت میں پاکستان کے سابق صدر پر پولو گراونڈ ریفرنس میں فرد جُرم عائد ہونے کے علاوہ اُن کے خلاف دائر دیگر چار ریفرنسوں میں گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے۔
زرداری پر مقدمے
آصف علی زرداری کے خلاف نواز شریف کے
سابقہ دورِ حکومت میں چار ریفرنسوں سمیت بارہ مقدمات درج کیے گئے تھے جن
میں سے وہ آٹھ مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔ احتساب عدالت میں دائر جن چار
ریفرنسوں میں ابھی تک وہ ملزم ہیں جن میں ایس جی ایس کوٹیکنا، اے آر وائی
گولڈ، ٹریکٹروں کی خریداری اور وزیراعظم ہاؤس میں پولو گراؤنڈ کی تعمیر کے
ریفرنس شامل ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے سابق صدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وہاں پر حفاظتی اقدامات سخت کردیے ہیں اور غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ ان مقدمات میں شریک دیگر افراد کی ضمانتیں ہوچکی ہیں جبکہ آصف علی زرداری کے عہدہ صدارت پر ہونے کی وجہ سے اُنھیں استثنٰی حاصل تھا اور ان کے خلاف ان مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی تھی۔
سابق حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکانِ پارلیمنٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ جمعرات کو آصف علی زرداری کی عدالت میں پیشی کے موقع پر وہاں موجود ہوں۔
بدھ کو سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی جماعت مقدمات کا سامنے کرنے سے نہیں گھبراتی اور اُن کے رہنما عدالتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔ شریف برادران کا نام لیے بغیر اُنھوں نے کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ جن دیگر افراد کے خلاف احتساب عدالتوں میں مقدمات ہیں، اُنھیں کب طلب کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ آصف زرداری کے خلاف نواز شریف کے سابقہ دورِ حکومت میں 12 مقدمات درج کیےگئے تھے جن میں سے وہ آٹھ مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔
No comments:
Post a Comment